وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے تحت بارکھان میں جدید سی سی ٹی وی نظام مکمل کر لیا گیا، جس سے نگرانی، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت اور وژن کے تحت ضلع بارکھان میں جدید سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی تنصیب مکمل کر دی گئی ہے، جسے محفوظ، پرامن اور جرائم سے پاک بارکھان کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جدید سی سی ٹی وی نظام کی تنصیب سے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی، جبکہ جرائم کی بروقت نشاندہی اور مؤثر کارروائی میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ عوام مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچا سکیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بارکھان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ جدید نگرانی کا نظام عوام کے تحفظ اور مؤثر قانون نافذ کرنے کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔



