کوئٹہ: بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کی جسمانی فٹنس، صحت اور پیشہ ورانہ استعداد بہتر بنانے کے لیے بدر لائن ہیڈ کوارٹر میں فٹنس کلب کا افتتاح کر دیا گیا۔
فٹنس کلب کا افتتاح ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی پولیس شہلا قریشی، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر کمال خان کبزئی، ونگ کمانڈرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
جوانوں کی فٹنس اور صحت پر خصوصی توجہ
اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی پولیس شہلا قریشی نے کہا کہ جوانوں کی جسمانی فٹنس اور صحت ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا اہم حصہ ہے، اس لیے فٹنس برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کی مختلف لائنز میں اسپورٹس گراؤنڈز اور فٹنس کلبز کو مزید وسعت دینے کے ساتھ جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
لائنز میں صفائی اور صحت کے معیار بہتر بنانے کی ہدایت
شہلا قریشی نے کہا کہ جوانوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ان کے بچوں کی تعلیم اور صحت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے لائنز، میس اور کینٹین میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں اور خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
جدید فٹنس سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کا عزم
ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوان امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کی جسمانی فٹنس اور صحت کو بہتر بنانا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوانوں کو جدید فٹنس اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ وہ ہر قسم کی ڈیوٹی کے لیے جسمانی اور پیشہ ورانہ طور پر تیار رہیں۔
فٹنس کلب کی سہولیات کا جائزہ
تقریب کے اختتام پر افسران نے فٹنس کلب کی مختلف سہولیات کا جائزہ لیا اور جوانوں کے لیے فٹنس و کھیلوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Balochistan Constabulary Opens Fitness Club at Badr Lines Headquarters to Promote Personnel Health and Fitness



