بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں 99 ہزار 946 امیدواروں میں سے 88 ہزار 944 کامیاب قرار پائے اور مجموعی کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا۔
کوئٹہ: بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای) کوئٹہ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحان میں مجموعی طور پر 99 ہزار 946 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 88 ہزار 944 کامیاب قرار پائے، جبکہ مجموعی کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا۔
اعلامیہ کے مطابق گیارھویں جماعت کے امتحان میں 46 ہزار 356 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 39 ہزار 902 کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 86.1 فیصد رہا۔ بارھویں جماعت میں 53 ہزار 590 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 49 ہزار 42 کامیاب قرار پائے، جبکہ کامیابی کا تناسب 91.5 فیصد رہا۔
بورڈ کے مطابق امتحان کے دوران ممنوعہ ذرائع استعمال کرنے پر 542 طلبہ کے نتائج روک دیے گئے۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں 257 امتحانی مراکز قائم کیے گئے، جہاں 854 اساتذہ نے نگران عملے کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ 151 افسران نے امتحانی عمل کی نگرانی کی۔
نتائج کے مطابق اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ عائشہ خان نے 1067 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بی آر سی لورالائی کے طالب علم رسد خان 1064 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہے، جبکہ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ ہی کی طالبہ سعدیہ نے 1061 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیا الحق کاکڑ اور سیکریٹری بورڈ ضیا الرحمان خلجی نے کامیاب طلبہ و طالبات، خصوصاً پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان مستقبل میں ملک، قوم اور بلوچستان کا نام مزید روشن کریں گے۔ انہوں نے امتحانات کے شفاف انعقاد اور ریکارڈ مدت میں نتائج کی تیاری پر اساتذہ، بورڈ کے مختلف شعبوں، آئی ٹی سیکشن، ریسرچ سیکشن، شعبہ امتحانات، رزلٹ برانچ اور خصوصی معائنہ ٹیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔
بورڈ نے طلبہ کی سہولت کے لیے ری کاؤنٹنگ کے درخواستی عمل کو مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے۔ امیدوار اصل ڈی ایم سی جاری ہونے کا انتظار کیے بغیر 5 اگست 2026 تک، یعنی نتائج کے اعلان کے 15 روز کے اندر، ری کاؤنٹنگ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
Keywords: BBISE Quetta, Intermediate Results 2026, Balochistan Education, Position Holders


