کوئٹہ: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں، جہاں سرکاری عمارتوں اور اہم مقامات کو سبز و سفید روشنیوں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
کوئٹہ میں جشنِ آزادی کی تیاریاں
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر سبز ہلالی پرچم اور برقی روشنیاں آویزاں کی گئی ہیں، جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے اور یومِ آزادی کے حوالے سے شہریوں میں جوش و خروش نمایاں ہے۔
گوادر میں GIEDA کی عمارت پر خوبصورت چراغاں
گوادر میں گوادر انڈسٹریل اسٹیٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GIEDA) کی عمارت کو قومی پرچم کے سبز و سفید رنگوں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
رات کے وقت سبز و سفید روشنیوں سے کی گئی خصوصی آرائش دلکش منظر پیش کر رہی ہے، جو وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
خاران میں ڈپٹی کمشنر آفس سبز و سفید روشنیوں سے جگمگا اٹھا
ضلع خاران میں یومِ آزادی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس کو خوبصورت برقی قمقموں اور دلکش چراغاں سے سجایا گیا ہے۔
سبز و سفید روشنیوں سے جگمگاتی عمارت نے جشنِ آزادی کی خوشیوں اور قومی جذبے کو مزید اجاگر کیا، جبکہ دفتر کی تزئین و آرائش پاکستان سے محبت اور قومی یکجہتی کی عکاس ہے۔
Balochistan’s Independence Day celebrations reflect patriotism, unity and hopes for a prosperous Pakistan.
نصیرآباد ڈویژن میں یومِ آزادی کی تیاریاں مکمل
نصیرآباد ڈویژن میں بھی 14 اگست کو قومی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سرکاری دفاتر، اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
کمشنر نصیرآباد ڈویژن کے دفتر، ڈپٹی کمشنر آفس اور دیگر سرکاری عمارات کی خوبصورت تزئین و آرائش کے باعث علاقے میں جشنِ آزادی کا ماحول مزید دیدہ زیب ہوگیا ہے، جبکہ اہم شاہراہیں بھی روشنیوں سے جگمگا رہی ہیں۔
نصیرآباد ڈویژن میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب کمشنر نصیرآباد کے احاطے میں منعقد ہوگی، جس میں پرچم کشائی، قومی ترانہ، تقاریر، ملی نغمے اور دیگر خصوصی پروگرام شامل ہوں گے۔



