کوئٹہ، گوادر اور ڈیرہ اللہ یار میں کارروائیاں، ملاوٹ شدہ دودھ، زائد المیعاد اشیا، ناقص صفائی اور غیر معیاری اجزا کے استعمال پر ایکشن
کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی (BFA) کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ، گوادر اور ڈیرہ اللہ یار میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے اور کئی مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیے۔
نواں کلی میں ملاوٹ شدہ دودھ کی نشاندہی
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق نواں کلی میں ملک سیفٹی ٹیم نے مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا، جہاں دودھ اور دہی کے موقع پر ٹیسٹ کیے گئے۔
جانچ کے دوران دودھ میں سکمڈ ملک پاؤڈر اور زائد مقدار میں پانی ملانے کا انکشاف ہوا۔ ملاوٹ کے مرتکب دو دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ایئرپورٹ روڈ اور کچلاک میں بھی کارروائی
ایئرپورٹ روڈ پر بی ایف اے ٹیم نے دو ہول سیل ٹریڈرز، ایک جنرل اسٹور اور ایک نان شاپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے۔
کچلاک بازار اور چمن روڈ کے اطراف معائنے کے دوران ایک بیف شاپ اور ایک جنرل اسٹور پر جرمانہ کیا گیا جبکہ پانچ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
بی ایف اے کے مطابق بعض مراکز میں صفائی کے ناقص انتظامات، کارکنوں کی ذاتی صفائی میں غفلت، کھلے ماحول میں گوشت لٹکانے، آلودہ کٹنگ آلات اور زائد المیعاد مصالحوں کے استعمال سمیت پابندی عائد چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ رنگ کی موجودگی پائی گئی۔
گوادر میں ریسٹورنٹس اور سپر مارکیٹ کے خلاف ایکشن
گوادر کے مختلف مضافاتی علاقوں میں زونل انسپیکشن ٹیم نے سپر مارکیٹ اور ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ایک سپر مارکیٹ اور پانچ ریسٹورنٹس پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ آٹھ مراکز کو اصلاحی نوٹسز دیے گئے۔
ریسٹورنٹس میں گندے کچن، ناقص صفائی، کھلے کوڑے دان، غیر صاف برتن، زنگ آلود ریفریجریٹرز اور دودھ میں حشرات کی موجودگی سمیت دیگر خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
سپر مارکیٹ سے زائد المیعاد جوسز، سنیکس، مشروبات، سوجی اور آٹے کا پاؤڈر برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا اور موقع پر تلف کردیا گیا۔
ڈیرہ اللہ یار میں لائسنس اور خوراک کے معیار پر کارروائی
ڈیرہ اللہ یار میں صحبت پور روڈ اور کوئٹہ روڈ پر جوس کارنرز اور کریانہ اسٹورز کی چیکنگ کی گئی۔ فوڈ بزنس لائسنس کی عدم موجودگی اور غیر معیاری خوراک کی فراہمی پر متعدد دکانداروں کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے۔
معائنے کے دوران ناقص صفائی، عملے کی ذاتی صفائی میں غفلت، کم وزن آٹے کے پیڑے، زائد المیعاد ٹافیاں و مصالحے، چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ رنگ کی موجودگی بھی سامنے آئی۔
محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے نگرانی جاری رہے گی
بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں فوڈ بزنسز کی نگرانی اور معائنہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Balochistan Food Authority Cracks Down on Food Businesses in Quetta, Gwadar and Dera Allah Yar



