بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے FAO کے تکنیکی تعاون سے لائیو اسٹاک ویلیو چین میں خوراک کے تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنیکل کوآرڈینیشن پلیٹ فارم قائم کر دیا۔
کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی (BFA) نے اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے تکنیکی تعاون سے لائیو اسٹاک ویلیو چین میں خوراک کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکنیکل کوآرڈینیشن پلیٹ فارم برائے فوڈ سیفٹی کا آغاز کر دیا۔
اس فیصلے کی منظوری بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حبیب اللہ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں دی گئی، جس میں محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ صحت، نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی گوشت، دودھ اور ڈیری ایسوسی ایشنز سمیت مختلف متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر اس پلیٹ فارم کی حمایت کرتے ہوئے اس کی رکنیت اختیار کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ FAO تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پلیٹ فارم کے سیکریٹریٹ کے فرائض بھی انجام دے گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ نے اس اقدام کو بلوچستان میں فوڈ سیفٹی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سرکاری اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مربوط نظام کے ذریعے لائیو اسٹاک ویلیو چین کو مزید محفوظ، مضبوط اور پائیدار بنایا جا سکے گا، جس سے پیداوار کنندگان، کاروباری شعبے اور صارفین سب مستفید ہوں گے۔
ایف اے او کے ڈاکٹر مجیب ناصر نے اس موقع پر ادارے کی جانب سے مکمل تکنیکی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ FAO پلیٹ فارم کو تکنیکی مہارت اور سیکریٹریٹ کی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ اس کے ذریعے استعداد کار میں اضافہ، معلومات کے تبادلے اور صوبائی فوڈ سیفٹی ترجیحات کے مطابق پائیدار اقدامات کو فروغ ملے گا۔



