ڈیرہ بگٹی، زیارت اور کوہلو میں جشنِ آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں قومی جذبے، اتحاد، امن اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت نمایاں رہی۔
ڈیرہ بگٹی میں پولیس کا فلیگ مارچ
ڈیرہ بگٹی: یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ڈیرہ بگٹی پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ ایس پی ساؤتھ ڈیرہ بگٹی عبدالرؤف بابر کی ہدایات پر ایس ایچ او نور علی بگٹی کی نگرانی میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے فلیگ مارچ میں شرکت کی۔
پولیس اہلکاروں نے قومی پرچم تھامے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
Pakistan’s Independence Day celebrations highlighted unity, patriotism, and commitment to public safety.
فلیگ مارچ کے دوران قومی یکجہتی، وطن سے محبت اور پاکستان کی آزادی کی خوشیوں کا پیغام اجاگر کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
زیارت میں اسپورٹس فیسٹیول، نوجوانوں کی بھرپور شرکت
زیارت میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں محکمہ اسپورٹس کے زیرِ اہتمام اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے نوجوان کھلاڑیوں نے کرکٹ، والی بال، فٹبال، فٹسال اور بیڈمنٹن کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
فیسٹیول کی اختتامی تقریب قائداعظم ریزیڈنسی میں ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں ایف سی ونگ 155 کے کرنل ذیشان، میجر عامر، اسسٹنٹ کمشنر شیر شاہ غلزئی، تحصیلدار نور احمد کاکڑ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ڈاکٹر محب اللہ اور کوچ محمد نواز کاکڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں سے جوڑنے کے ساتھ ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔
کوہلو میں جشنِ آزادی ریلی، قومی یکجہتی کا پیغام
کوہلو میں بھی جشنِ آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل کے زیرِ اہتمام ریلی نکالی گئی۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر نثار احمد مری کی قیادت میں ہونے والی ریلی میں ضلعی کونسل کے ارکان، سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور شہریوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور آزادی کے پیغامات اٹھا رکھے تھے جبکہ شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
ڈسٹرکٹ کونسل کے دفتر سے شروع ہونے والی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ختمِ نبوت چوک پہنچی، جہاں یہ اجتماع کی شکل اختیار کرگئی۔



