پہلے مرحلے میں 500 نوجوانوں کو تین ماہ کی تربیت دی جائے گی، پروگرام کا مجموعی ہدف ایک ہزار نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے
500 نوجوانوں کو تین ماہ کی تربیت
کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے 500 نوجوانوں کو تین ماہ کی تربیت فراہم کی جائے گی، جن میں 400 مرد اور 100 خواتین شامل ہیں۔
جدید ڈیجیٹل کورسز تربیتی پروگرام کا حصہ
تربیتی پروگرام میں سیلز اینڈ مارکیٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈیویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی سمیت جدید شعبوں کے کورسز شامل کیے گئے ہیں۔
ایک ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف
چیف منسٹر ایمپلائمنٹ پروگرام کا مجموعی ہدف ایک ہزار نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے، تاکہ انہیں روزگار، کاروبار اور فری لانسنگ کے مواقع کیلئے تیار کیا جاسکے۔
آئی ٹی اور فری لانسنگ میں روزگار کے مواقع
تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کیلئے سافٹ ویئر ہاؤسز، آئی ٹی اور آن لائن مارکیٹنگ کمپنیوں سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس کے علاوہ آئی ٹی سیکیورٹی، ڈیٹا مینجمنٹ، میڈیا اور پبلک ریلیشنز کے شعبوں میں بھی مواقع میسر آئیں گے، جبکہ نوجوان ڈیجیٹل ایجنسیز، آن لائن کاروبار اور فری لانسنگ کے ذریعے معاشی مواقع حاصل کرسکیں گے۔
نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ
پروگرام کے آغاز پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈیجیٹل مہارتیں معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کریں گی
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت نوجوانوں کیلئے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں باعزت روزگار سے جوڑنے کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
Balochistan launches Technical and Digital Skills Training under the Chief Minister Employment Program to equip 500 youth with modern skills and create employment opportunities.



