اسکول نہ ہونے کے باعث بچوں کو نال اور خضدار کا رخ کرنا پڑتا تھا، طویل فاصلے اور سفری مشکلات سے بالخصوص بچیاں متاثر تھیں
خضدار: تحصیل نال کے دورافتادہ علاقے کلی محمد اسحاق لخ پارکو میں اسکول کی سہولت نہ ہونے کے باعث تعلیم سے محروم بچوں اور بچیوں کے لیے کمیونٹی اسکول قائم کردیا گیا ہے۔
کمیونٹی اسکول کا قیام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیاز اللہ سمالانی اور بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کاوشوں سے عمل میں آیا۔
طویل فاصلے کے باعث تعلیمی مشکلات
علاقہ مکینوں کے مطابق اسکول کی عدم موجودگی کے باعث بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے نال یا خضدار کا رخ کرنا پڑتا تھا۔ طویل فاصلہ، دشوار گزار راستے اور سفری مشکلات کے باعث بیشتر بچے باقاعدگی سے اسکول نہیں جا پاتے تھے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں تک روزانہ سفر کرنا خصوصاً بچیوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ تھا، جس کے باعث متعدد بچے تعلیمی سرگرمیوں سے دور رہتے تھے۔
بچوں کو گھر کی دہلیز پر تعلیم کی سہولت
کمیونٹی اسکول کے قیام سے علاقے کے بچوں کو اب ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولت میسر آگئی ہے، جس سے مقامی سطح پر تعلیمی محرومی کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
علاقہ مکینوں نے کمیونٹی اسکول کے قیام کو تعلیمی محرومی کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اسکول میں معیاری تعلیم، ضروری سہولیات اور اساتذہ کی مستقل دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Community school established in Khuzdar’s remote Nal area to provide education facilities to children and girls at their doorstep.



