راؤف چوہان نے مسلسل محنت سے اسکیچنگ اور پورٹریٹ سازی میں مہارت حاصل کرتے ہوئے نوجوان فنکاروں کو حوصلہ نہ ہارنے اور فن کی سرپرستی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کوئٹہ: سرکاری ملازم رؤف چوہان نے بچپن کے شوق اسکیچنگ اور پورٹریٹ سازی کو مسلسل محنت اور لگن سے نکھار کر ایک منفرد فن میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت اور گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود اہل خانہ اور ساتھیوں کی حوصلہ افزائی نے انہیں اپنے فن کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
رؤف چوہان نے بتایا کہ مصوری میں شیڈنگ وہ عنصر ہے جو کسی بھی خاکے کو حقیقت سے قریب تر اور جاندار بناتا ہے۔ ان کے بقول ان کی اہلیہ نے ان کی محنت اور مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں ایک ماہر فنکار قرار دیا، جس سے ان کے حوصلے میں مزید اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آرٹ کے سامان کی بڑھتی ہوئی قیمتیں باصلاحیت فنکاروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جس کے باعث بہت سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے باوجود آگے نہیں بڑھ پاتے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ باصلاحیت سرکاری ملازمین اور فنکاروں کی سرپرستی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قائم کیا جائے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
رؤف چوہان نے نوجوان فنکاروں پر زور دیا کہ وہ مشکلات سے گھبرانے کے بجائے مسلسل مشق اور محنت جاری رکھیں، کیونکہ مستقل مزاجی ہی کامیابی کی ضمانت اور فن کو زندہ رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔


