ضلع کوہلو کے شہزاد خان نے ایف ایس سی سالانہ امتحانات 2026 میں 1100 میں سے 1034 نمبر حاصل کرکے ضلع بھر میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
کوہلو: بلوچستان بورڈ کے ایف ایس سی سالانہ امتحانات 2026 میں ضلع کوہلو کے ہونہار طالب علم شہزاد خان نے 1100 میں سے 1034 نمبر حاصل کرکے ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ ان کی شاندار کامیابی پر اساتذہ، والدین، طلبہ اور مختلف سماجی و تعلیمی حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔
شہزاد خان نے اپنی کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلیمی سفر ساتویں جماعت میں کیڈٹ کالج کوہلو سے شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرک کے امتحانات میں وہ بلوچستان بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ اب ایف ایس سی میں ضلع کوہلو میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، جبکہ اس کا سہرا میرے والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی کو جاتا ہے، جنہوں نے ہر مرحلے پر میری حوصلہ افزائی کی۔
شہزاد خان نے بتایا کہ ان کی خواہش ڈاکٹر بن کر اپنے آبائی ضلع کوہلو کے عوام کی خدمت کرنا ہے تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے ہم خود کو بااختیار بنا سکتے ہیں۔ اگر طلبہ محنت، مستقل مزاجی اور لگن کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوشش کریں تو کامیابی ضرور ان کے قدم چومے گی۔



