وزیراعظم کی ہدایت پر ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا دسواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں مون سون کی صورتحال، جانی و مالی نقصانات اور امدادی و بحالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس
وزیراعظم کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر جاری ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا دسواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ وفاقی و صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے ڈائریکٹر (پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن/ریسکیو) نوید احمد شیخ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
بلوچستان میں مون سون صورتحال پر بریفنگ
چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ای او سی ٹیم نے ملک بھر میں مون سون کی صورتحال، جانی و مالی نقصانات اور امداد و بحالی کی سرگرمیوں پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
نوید احمد شیخ نے کمیٹی کو بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات، امدادی و بحالی سرگرمیوں، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (ڈی ڈی ایم ایز) اور پی ڈی ایم اے بلوچستان کے جاری رسپانس سمیت صوبے کی موجودہ موسمی صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے عمل کو مؤثر اور تیز تر بنانے کے لیے اضافی وسائل اور ضروری سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال
اجلاس میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کی جانب سے کیے گئے بروقت امدادی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
این ای او سی نے آگاہ کیا کہ آئندہ دنوں میں شمالی و وسطی علاقوں جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔
Monsoon Emergency Response کے تحت این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے جاری ریلیف سرگرمیوں پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دی۔
کچے مکانات گرنے سے زیادہ اموات
این ڈی ایم اے ٹیم نے کمیٹی کو بتایا کہ حالیہ مون سون کے دوران ہونے والی زیادہ تر اموات کچے مکانات گرنے اور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوئیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ متوقع بارشوں کے باعث تمام ممکنہ متاثرہ علاقوں کے ڈپٹی کمشنرز کو بروقت صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اداروں کو باہمی رابطہ بڑھانے کی ہدایت
اجلاس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ، پیشگی تیاری، امدادی کارروائیوں اور بحالی کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔



