گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ’’دی رئیل ڈیموکریٹ میاں محمد نواز شریف انٹرنیشنل سول ایوارڈ‘‘ کی تقریبِ رونمائی، سیاسی برداشت اور جمہوری اقدار کے فروغ پر زور
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی جمہوریت، جمہوری اداروں کے استحکام اور پاکستان کے لیے خدمات قابلِ قدر ہیں، انہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنانے اور جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک، فرینڈز آف یونیورس اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے زیر اہتمام ’’دی رئیل ڈیموکریٹ میاں محمد نواز شریف انٹرنیشنل سول ایوارڈ‘‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سیاسی جدوجہد اور جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
بلوچستان میں تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے وقت میاں نواز شریف کی واضح ہدایت تھی کہ تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے اور ہر ایک کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ قائم رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی برداشت، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے اصولوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ایوارڈ کو نواز شریف سے منسوب کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نئی نسل کو جمہوری اقدار اور سیاسی جدوجہد کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء، سینیٹرز، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے ایوارڈ کو جمہوری خدمات کے اعتراف اور سیاسی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی مثبت کاوش قرار دیا۔
Balochistan Governor Jaffar Khan Mandokhail highlights Nawaz Sharif’s democratic contributions at the Real Democrat International Civil Award ceremony in Quetta.



