صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے جنوبی ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے سید بلال کو 20 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
کوئٹہ: 16ویں جنوبی ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ میں مین فزیک کیٹیگری کا گولڈ میڈل جیتنے والے قومی کھلاڑی سید بلال نے صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل دُرّا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان ڈاکٹر یاسر خان بازئی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مینا مجید بلوچ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے پر سید بلال کو مبارکباد دی اور ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں 20 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
صوبائی مشیر کھیل نے کہا کہ عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے والے کھلاڑی قوم کا فخر اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ حکومت بلوچستان باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں۔
واضح رہے کہ سید بلال نے بھوٹان میں منعقدہ 16ویں جنوبی ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مین فزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا، جو ان کے بین الاقوامی کیریئر کا چوتھا گولڈ میڈل ہے۔



