دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے مقامی افراد کو خراجِ تحسین، زخمیوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علی زئی میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے مقامی افراد کی بہادری کو خراجِ تحسین
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر مقامی افراد کے حوصلے، ہمت اور جرات کو سراہتے ہوئے ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی نگہداشت اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر بریفنگ
دورے کے موقع پر بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک کامران خان کاسی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو زخمیوں سمیت ٹراما سینٹر میں زیرِ علاج دیگر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت شہک بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد کی فراہمی اہم ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ٹراما سینٹر کی طبی خدمات اور ہنگامی حالات میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج اور نگہداشت کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں ہر ممکن توجہ دی جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دورے کا مقصد حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ہنگامی طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لینا بھی تھا۔
Balochistan CM Mir Sarfraz Bugti Visits Quetta Trauma Centre, Inquires After Injured in Pir Ali Zai Terrorist Attack



