احمد خان ایجوکیشنل سسٹم کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں معروف مصنف احمد خان اچکزئی کی کتاب “واشنگٹن سے بیجنگ تک” کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
کوئٹہ: احمد خان ایجوکیشنل سسٹم کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں معروف مصنف احمد خان اچکزئی کی کتاب “واشنگٹن سے بیجنگ تک” کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں دانشوروں، ادیبوں، صحافیوں، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے کتاب کی علمی، تحقیقی اور فکری اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 616 صفحات پر مشتمل یہ تصنیف سیاسی، معاشی، ثقافتی اور سماجی موضوعات کے ساتھ ماضی، حال اور مستقبل کے مختلف پہلوؤں کا جامع احاطہ کرتی ہے۔
مقررین نے کہا کہ سوانحی انداز میں لکھی گئی یہ کتاب نوجوان نسل کو قومی اور بین الاقوامی امور کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بھی کتاب کی اہمیت برقرار ہے اور علم و تحقیق کے فروغ کے لیے مطالعہ ناگزیر ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے احمد خان اچکزئی کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب علمی و فکری حلقوں میں ایک اہم حوالہ ثابت ہوگی۔


