Facebook YouTube TikTok WhatsApp
کوئٹہ

کوئٹہ میں فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، غیر معیاری خوراک اور ناقص صفائی پر متعدد یونٹس جرمانہ

✍️ Nazrban Balochistan 📅 28 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

ایئرپورٹ روڈ، جناح ٹاؤن، ویسٹرن بائی پاس، خدائیداد روڈ، کاسی روڈ اور مشرقی بائی پاس میں درجنوں مراکز کی چیکنگ، خلاف ورزیوں پر جرمانے، اصلاحی و حتمی نوٹسز، جبکہ ایک مصالحہ یونٹ سیل کردیا گیا۔

مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں

کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری خوراک، ناقص صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور غیر محفوظ اسٹوریج پر متعدد فوڈ یونٹس کے خلاف ایکشن لیا۔

ایئرپورٹ روڈ پر 16 یونٹس کی چیکنگ کے دوران 3 مراکز کو جرمانہ جبکہ 7 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ ایک جنرل اسٹور میں درجہ حرارت کی مناسب نگرانی نہ ہونے اور نان فوڈ گریڈ رنگ کی موجودگی پر کارروائی کی گئی۔

دو نان و تندور شاپس میں سرکاری مقررہ 310 گرام کے بجائے 236، 244 اور 245 گرام کے نان پائے گئے، جس پر یونٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

Food safety teams intensified inspections across Quetta to ensure safe and hygienic food for citizens.

جناح ٹاؤن اور ویسٹرن بائی پاس میں بھی کارروائی

جناح ٹاؤن اور ویسٹرن بائی پاس میں 17 یونٹس کی چیکنگ کے دوران 5 مراکز کو مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانہ کیا گیا۔

ایک کولڈ اسٹوریج میں ناقص صفائی، خشک میوہ جات کی نامناسب اسٹوریج، گردوغبار، کیڑوں کے تدارک کے ناکافی انتظامات اور خراب آلو موجود پائے گئے۔ خشک میوہ جات کے قریب ڈش واشنگ شیمپو رکھنے پر بھی کارروائی کی گئی۔

ایک آئس کریم مینوفیکچرنگ یونٹ میں ایکسپائرڈ ایسنسز، پھلوں کی نامناسب اسٹوریج، نامکمل حفاظتی لباس، مصنوعات پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تفصیلات درج نہ ہونے کے علاوہ مکھیاں اور کاکروچز پائے گئے۔

ایک ہوٹل میں ناقص ذاتی صفائی، کھانے کو کھلا رکھنے، کھلے کچرے دان، غیر مناسب واشنگ ایریا اور پینے کے پانی کے لیے گندے ڈرمز کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔

خدائیداد اور کاسی روڈ پر بھی خلاف ورزیاں سامنے آگئیں

خدائیداد روڈ اور کاسی روڈ پر 19 مراکز کی چیکنگ کی گئی، جہاں 3 یونٹس کو جرمانہ جبکہ 6 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

سویاں بنانے والے ایک یونٹ میں ناقص صفائی، ویسٹ مینجمنٹ کی عدم موجودگی، خام مال کی نامناسب اسٹوریج، حفاظتی لباس اور پیسٹ مینجمنٹ کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا۔

ایک بیکری میں صفائی کی ناقص صورتحال، نامکمل حفاظتی لباس، ریفریجریٹر میں اشیاء کی نامناسب علیحدگی، تیار مصنوعات کی غیر محفوظ اسٹوریج اور کھلے کچرے دان پائے گئے۔

اسی طرح ایک ریسٹورنٹ میں کھلے سلاد، گوشت کی نامناسب اسٹوریج، ورکرز کے نامکمل حفاظتی لباس، پیسٹ مینجمنٹ کی عدم موجودگی اور ناقص صفائی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

مشرقی بائی پاس میں غیر معیاری مصالحہ یونٹ سیل

مشرقی بائی پاس اور جتک اسٹاپ پر 17 مراکز کی چیکنگ کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر ایک مصالحہ جات بنانے والا یونٹ سیل کردیا گیا جبکہ ایک نمکو مینوفیکچرنگ یونٹ کو جرمانہ کیا گیا۔

مصالحہ یونٹ میں انتہائی ناقص صفائی، نان فوڈ گریڈ رنگ اور ممنوعہ چائنیز نمک کا استعمال، مکڑی کے جالے، خام و تیار مصنوعات کی نامناسب اسٹوریج، کیڑوں کی روک تھام کے ناقص انتظامات، وینٹی لیشن کی کمی اور ورکرز کا نامکمل حفاظتی لباس سامنے آیا۔

نمکو یونٹ میں مصنوعات پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخ درج نہ ہونے، ناقص اسٹوریج، نامکمل حفاظتی لباس اور پیسٹ مینجمنٹ نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے تناظر میں ایک گھی مینوفیکچرنگ یونٹ کا بھی معائنہ کیا گیا، تاہم موقع پر کوئی خلاف ورزی نہیں پائی گئی۔ یونٹ انتظامیہ نے ٹریس ایبلٹی ریکارڈ پیش کیا، جس کے مطابق تیار شدہ آئل اور گھی انسانی استعمال کے بجائے کراچی اور ملتان کی صابن ساز صنعتوں کو فراہم کیا جا رہا تھا۔

کارروائیوں کے دوران متعدد اصلاحی نوٹسز اور ایک حتمی نوٹس بھی جاری کیا گیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں