مضبوط، خودمختار، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے عزم کا اعادہ، قیادت کا قومی یکجہتی، امن اور معاشی ترقی پر زور
یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے مضبوط، خوشحال، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستان کی عالمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی قیادت کی عالمی سطح پر کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے اسلامی ممالک کے اتحاد اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کیا جائے گا۔
امن، خودمختاری اور ترقی کے عزم کا اعادہ، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یومِ آزادی پر قوم، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور تقریبات میں شریک افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ دہائیوں میں پاکستان نے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، معیشت، کھیل اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ پاکستان نے سفارتی روابط، معاشی و رابطہ کاری شراکت داری اور دفاعی تعاون کے ذریعے عالمی سطح پر بھی اپنا مقام مضبوط کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ نے پاکستان کے عزم کو مزید مضبوط کیا کہ ملکی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا، جبکہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور علاقائی امن کے لیے اپنی ذمہ دارانہ پالیسی جاری رکھے گا۔
پاکستان کو معاشی محاذ پر بھی کامیاب بنانا ہوگا، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کا دن خوشی، شکرگزاری، فخر اور نئے عزم کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اب آزادی کے تحفظ کے ساتھ معاشی میدان میں بھی پاکستان کی صلاحیت ثابت کرنا ہوگی۔ پاکستان کو مضبوط، باوقار اور معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے قوم کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال نے آزاد اور خودمختار پاکستان کا خواب دیکھا تھا، جبکہ قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو قومی زندگی
کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
Pakistan’s future depends on unity, economic strength, knowledge, and collective determination for national progress.



