Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حکومت مکمل تیار ہے، وزیراعلیٰ

✍️ Nazrban Balochistan 📅 05 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

فروری 2027 میں موجودہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد انتخابات ہوں گے

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت آئندہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کا حیلہ یا بہانہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے، عوام کو بہتر میونسپل سروسز فراہم کرنے اور صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری کی فراہمی

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) آفس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے میونسپل سروسز انیشی ایٹو 2026 کے تحت لوکل گورنمنٹ اداروں کو جدید مشینری فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کی تمام میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری اور ضروری آلات سے لیس کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں یہ سہولت یونین کونسلز، چھوٹے ٹاؤنز اور دیہی علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔

15 سیوریج سکشن ٹرکس، 87 سینی ٹیشن رکشے فراہم

وزیراعلیٰ کے مطابق پہلے مرحلے میں میونسپل کمیٹیوں کو تقریباً 15 سیوریج سکشن ٹرکس، 87 سینی ٹیشن رکشے، 350 سے زائد گاربیج کنٹینرز، 500 ہینڈ کارٹس اور 700 سے زائد ڈسٹ بنز سمیت مختلف مشینری اور آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہینڈ کارٹس اور سینی ٹیشن رکشے تنگ گلیوں کی صفائی کے لیے اہم ہیں، جہاں بڑے ٹرک نہیں پہنچ سکتے۔

بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہوگا

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی نظام موجود ہے اور بلوچستان ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ مقامی حکومتوں کی مدت فروری 2027 میں مکمل ہو رہی ہے، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کا حیلہ یا بہانہ نہیں کیا جائے گا۔

لوکل گورنمنٹ سے گورننس بہتر ہوتی ہے

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ وہ نظام ہے جس کی براہ راست رسائی عام آدمی تک ہوتی ہے، اسے مؤثر بنانے سے گورننس کے معیار میں بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی وسائل محدود جبکہ عوامی ضروریات اور میونسپل سروسز کا دائرہ وسیع ہے، اس لیے جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال کے بغیر صفائی کا نظام مؤثر بنانا ممکن نہیں۔

چمن میں صفائی مہم کی مثال

میر سرفراز بگٹی نے چمن میں صفائی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 12 سے 13 فٹ بلند کچرے کے ڈھیر موجود تھے، جبکہ کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے ڈمپنگ سائٹ بھی موجود نہیں تھی۔

وزیراعلیٰ کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد پورے چمن شہر میں صفائی مہم شروع کی گئی اور سالوں سے جمع کچرے کو ختم کیا گیا۔

صفائی کے لیے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے

وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی کا آغاز اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول سے کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مشینری اور وسائل فراہم کر سکتی ہے، تاہم صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عوام کا تعاون اور عملی شمولیت بھی ضروری ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صفائی کے نظام کی نگرانی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایسی ایپس متعارف کرائی گئی ہیں جن کے ذریعے شہری براہ راست وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

غفلت پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مقامی سطح پر صفائی میں غفلت یا کوتاہی کی صورت میں انتظامی افسران اور لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ عملے کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور سخت باز پرس ہوگی۔

پولی تھین بیگز پر مکمل پابندی کا اعلان

پولی تھین بیگز کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاپرز آلودگی میں اضافے اور صفائی کے نظام میں رکاوٹ کا بڑا سبب ہیں۔

انہوں نے مشیر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ پولی تھین بیگز کے خلاف مہم کی خود نگرانی کی جائے اور عوام و دکانداروں کو چار ماہ تک آگاہی فراہم کی جائے، جس کے بعد پورے بلوچستان میں پولی تھین بیگز پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔

کوئٹہ میٹرو ریلوے پر مثبت تنقید کی ضرورت ہے

وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میٹرو ریلوے سروس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو نئی سفری سہولت میسر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین کے چند نٹ بولٹ نکلنے کے واقعے کو کرپشن سے جوڑنا مناسب نہیں، نئی سفری سہولت کو بہتر ہونے کا موقع دینا چاہیے۔ مثبت تنقید حکومت کو اپنی سمت درست کرنے میں مدد دیتی ہے، تاہم ہر معاملے کو منفی انداز میں دیکھنا مناسب نہیں۔

عوام کو تبدیلی عملی طور پر محسوس ہونی چاہیے

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے حکومت کو خدمت کا موقع دیا ہے اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ فراہم کردہ مشینری اور وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ عام بلوچستانی کو عملی طور پر محسوس ہونا چاہیے کہ صوبے میں تبدیلی آ رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مشیر لوکل گورنمنٹ نوابزادہ امیر حمزہ زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور دیگر متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بلدیاتی ادارے عوام کو بہتر میونسپل اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

میونسپل سروسز انیشی ایٹو 2026 کا افتتاح

قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لوکل گورنمنٹ اسٹریٹجک منصوبے میونسپل سروسز انیشی ایٹو 2026 کا افتتاح کیا اور فراہم کی جانے والی جدید مشینری کا معائنہ بھی کیا۔

تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات، مشیر لوکل گورنمنٹ، معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر کوئٹہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Balochistan ready for local body elections after February 2027, says CM Sarfraz Bugti.

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑