بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت کوہلو اور لسبیلہ میں شہری انفراسٹرکچر اور صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
کوہلو میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے مکمل
ضلع کوہلو میں حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ، ایف سی میوند بریگیڈ اور محکمہ مواصلات و تعمیرات (بی اینڈ آر) کے باہمی تعاون سے بی ایس ڈی آئی کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔
اسی سلسلے میں شہید جسٹس نواز چوک، سابقہ بینک چوک سے اقراء اسکول اور موجودہ میر بہادر خان مری چوک تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔
ماضی میں بارشوں کے دوران مذکورہ شاہراہ پر کیچڑ اور پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں، طلبہ اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھا، تاہم سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
ایکسین بی اینڈ آر انجینئر محبت مری کی نگرانی میں بی ایس ڈی آئی کے ساتھ ساتھ پی ایس ڈی پی کے تحت بھی مختلف رابطہ سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع کوہلو میں سفری سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔
شہریوں نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جاری منصوبے بروقت مکمل ہونے سے کوہلو میں ترقیاتی عمل مزید تیز ہوگا۔
لسبیلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل کی بحالی کا کام جاری
دوسری جانب بی ایس ڈی آئی کے تحت ضلع لسبیلہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر بحالی اور بہتری کا کام جاری ہے۔
ہسپتال میں او پی ڈی، مختلف وارڈز، ڈاکٹروں کے کمروں، لیبر روم، لیبارٹری اور دیگر اہم شعبوں کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، جبکہ جدید طبی آلات اور ضروری سامان کی فراہمی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔



