Facebook YouTube TikTok WhatsApp
صحت

بلوچستان میں صحت کے شعبے کی ڈیجیٹل اصلاحات، ڈی ایچ آئی ایس ٹو پر پیش رفت کا جائزہ

✍️ Nazrban Balochistan 📅 21 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

حکومت بلوچستان اور یونیسیف نے ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل نظام اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد: حکومت بلوچستان اور یونیسیف پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل اصلاحات اور ضلعی ہیلتھ انفارمیشن سافٹ ویئر (DHIS2) کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن نے کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ صوبے میں ڈی ایچ آئی ایس ٹو (DHIS2) کو مختلف صحت پروگراموں، سروس ڈیلیوری، مانیٹرنگ سسٹمز اور ڈیجیٹل ماڈیولز کے ساتھ مربوط کر کے ایک جامع ہیلتھ انفارمیشن پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈی ایچ آئی ایس ٹو کے مؤثر استعمال سے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج، ادارہ جاتی زچگی، صحت مراکز کی کارکردگی، ضروری طبی سہولیات کی فراہمی اور پروگراموں کی نگرانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس نظام کے ذریعے کارکردگی کا بروقت جائزہ، خامیوں کی نشاندہی اور اصلاحی اقدامات کو بھی مؤثر بنایا گیا ہے۔

یونیسیف نے صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل اصلاحات کے لیے حکومت بلوچستان کی کاوشوں اور سیکریٹری صحت کی قیادت کو سراہتے ہوئے ڈی ایچ آئی ایس ٹو کے نفاذ کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ادارے نے بلوچستان کے تجربے کو ملک کے دیگر حصوں کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن نے کہا کہ حکومت بلوچستان شفاف، مربوط اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صحت کا نظام قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مؤثر منصوبہ بندی، احتساب اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں