حکومت بلوچستان کے محکمہ مواصلات و تعمیرات نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے
منتخب 192 سب انجینئرز کی تقرری کے احکامات جاری کر دیے۔
کوئٹہ: محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) حکومت بلوچستان نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے ذریعے منتخب ہونے والے 192 سب انجینئرز کی تقرری کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جسے صوبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور محکمہ کی استعداد کار میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نئی تقرریوں سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی افرادی قوت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار اور معیار مزید بہتر ہوگا۔ اس اقدام سے صوبے بھر میں سڑکوں، پلوں اور دیگر عوامی انفراسٹرکچر منصوبوں کی بروقت تکمیل میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ 192 سب انجینئرز کی بھرتی بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جو حکومت بلوچستان کے گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ ان تقرریوں سے ایک جانب تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت سرکاری ملازمتیں میسر آئیں گی، جبکہ دوسری جانب محکمہ کی تکنیکی استعداد میں اضافہ ہونے سے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، بہتر منصوبہ بندی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر بھرتیوں کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو مزید روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور بلوچستان کی ترقی کا عمل مزید تیز ہو۔



