حیدر علی بلوچ نے منگولین تھروٹ سنگرز کے ساتھ مشترکہ پرفارمنس دے کر بلوچ ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا
یورپ میں نڑ سُر کی منفرد پیشکش
بلوچستان کے معروف روایتی فنکار حیدر علی بلوچ نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت اور محکمہ ثقافت حکومتِ بلوچستان کی معاونت سے یورپ میں منعقدہ ’تھروٹ سنگنگ ڈے‘ کی بین الاقوامی تقریب میں بلوچستان کے قدیم اور نایاب فن ’نڑ سُر‘ کا سحر انگیز مظاہرہ پیش کرکے تاریخ رقم کردی۔
یہ حیدر علی بلوچ کا پہلا یورپی دورہ تھا، جس کے دوران انہوں نے بلوچستان کے منفرد ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر پیش کیا۔
Balochistan’s traditional music reaches a global audience through cultural diplomacy.
منگولین تھروٹ سنگرز کے ساتھ تاریخی پرفارمنس
تقریب میں حیدر علی بلوچ نے منگولیا کے عالمی شہرت یافتہ تھروٹ سنگرز کے ساتھ مشترکہ پرفارمنس پیش کی۔ اس منفرد مظاہرے میں بلوچی ’نڑ سُر‘ اور منگولین گائیکی کے صدیوں پرانے انداز کو ایک ہی اسٹیج پر یکجا کیا گیا۔
مشترکہ پیشکش کو عالمی سامعین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، جس کے ذریعے بلوچستان کے قدیم لوک فن کو بین الاقوامی ثقافتی منظرنامے پر نمایاں مقام حاصل ہوا۔
ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے بلوچستان کا مثبت تشخص
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس تاریخی موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ثقافتی سفارت کاری عظیم ورثے کے تحفظ اور دنیا بھر میں بلوچستان کا پروقار امیج اجاگر کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدر علی بلوچ کی بین الاقوامی پیشکش بلوچستان کی موسیقی کے شاندار تنوع اور مقامی فنکاروں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کی عکاس ہے۔
نڑ سُر کے قدیم فن کے تحفظ کی کوشش
محکمہ ثقافت حکومتِ بلوچستان کے مطابق اس پیشکش کا بنیادی مقصد معدوم ہوتے ہوئے لوک فنون کی تجدید، بین الاقوامی سطح پر بلوچ ثقافت کی ترویج اور مقامی اساتذہ کو عالمی پلیٹ فارمز پر مواقع فراہم کرنا ہے۔
نڑ سُر بلوچستان کا ایک نایاب روایتی فن ہے، جس میں گلے کی گہرائی اور سانس کے منفرد کنٹرول کے ذریعے مخصوص اور مدھر آوازیں پیدا کی جاتی ہیں۔ حیدر علی بلوچ کی عالمی سطح پر یہ پیشکش اس قدیم فن کے تحفظ اور نئی نسل تک منتقلی کی کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔



