آئندہ سال تک 25 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر، 30 ہزار نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے لیے بھیجنے کے پروگرام میں تیزی لانے کی ہدایت
کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر قومی اور بین الاقوامی روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے فنی تربیت کے منصوبوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ سال تک صوبے کے 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرونِ ملک روزگار کے لیے بھجوانے کے پروگرام پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس
اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (BTEVTA) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے پر زور دیا گیا۔
فنی تربیتی اداروں کی نگرانی کے لیے پورٹل فعال
اجلاس کو بتایا گیا کہ فنی تربیتی اداروں کی رجسٹریشن، نگرانی اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے انسٹی ٹیوٹ رجسٹریشن پورٹل نے کام شروع کر دیا ہے، جس سے اداروں کی نگرانی اور تربیتی نظام میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
یوتھ اسکلز پروگرام میں سست روی پر کارروائی
اجلاس میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف کے حصول میں سست روی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ نوجوانوں کو معیاری فنی تربیت فراہم کرنے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
حکومت بلوچستان کا مقصد نوجوانوں کو جدید فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرکے ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی معاشی ترقی میں ان کا کردار مؤثر بنانا ہے۔
Balochistan to Train 25,000 Youth in Technical Skills, Accelerate Overseas Employment Plan for 30,000 Skilled Workers



