Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

بی ایس ڈی آئی کے تحت نصیرآباد، صحبت پور اور حب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز

✍️ Nazrban Balochistan 📅 03 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

ڈیرہ مراد جمالی میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل لائبریری، صحبت پور میں پینے کے پانی کی فراہمی اور حب کے تعلیمی اداروں میں مرمت و سولرائزیشن کے منصوبے جاری

بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، بی ایس ڈی آئی کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں عوامی سہولیات اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں تقریباً 4 کروڑ روپے سے جدید ڈیجیٹل لائبریری کی تعمیر

ضلع نصیرآباد کے ڈیرہ مراد جمالی میں طلباء اور نوجوانوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل لائبریری کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مرکزی علاقے میں تقریباً چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی لائبریری میں کمپیوٹرز، انٹرنیٹ، ایئر کنڈیشننگ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے نوجوانوں کو مطالعہ، تحقیق اور جدید تعلیمی وسائل تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔

بی ایس ڈی آئی کے فوکل پرسن ضلع نصیرآباد عابد علی کے مطابق منصوبے کا مقصد طلباء اور نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے جنرل کونسلر اور سماجی شخصیت محمد عثمان ادیب ابڑو نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لال کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات پر لائبریری کا تعمیراتی کام ایک ماہ میں مکمل کرکے فعال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

صحبت پور کے گوٹھ مراد علی میں واٹر سپلائی اسکیم پر کام شروع

دوسری جانب ضلع صحبت پور کے گوٹھ مراد علی میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے بی ایس ڈی آئی کے تحت واٹر سپلائی اسکیم پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ بھنڈ شہر سے گوٹھ مراد علی تک پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے، جس کے مکمل ہونے سے علاقے کے مکینوں کو پینے کا پانی دستیاب ہوگا۔ مقامی آبادی طویل عرصے سے پانی کی قلت کا سامنا کر رہی تھی۔

بھنڈ شہر سے گوٹھ مراد علی تک پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے

پانی کی فراہمی کے منصوبے پر ایف سی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ صحبت پور کی جانب سے کام کیا جا رہا ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے منصوبے کو علاقے کی بنیادی ضرورت پوری کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی، ایف سی بلوچستان، ضلعی انتظامیہ صحبت پور اور بی ایس ڈی آئی کے اقدامات کو سراہا ہے۔

حب میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت اسکولوں اور کالجز کی مرمت و سولرائزیشن

ادھر ضلع حب میں بھی بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت تعلیمی اداروں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور طلباء و طالبات کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول رانا بھٹ وندر میں مرمت اور سولرائزیشن کا کام کیا جا رہا ہے، جبکہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج وندر میں بھی مرمت اور سولرائزیشن کا منصوبہ جاری ہے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج حب میں نئے کلاس رومز کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے، جس سے طلباء کے لیے مزید تعلیمی گنجائش پیدا ہوگی۔

منصوبوں سے عوامی بنیادی سہولیات اور تعلیمی ماحول میں بہتری متوقع

ان ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی محکمہ مواصلات و تعمیرات، بلڈنگ، اور ضلعی انتظامیہ ضلع حب کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے تعلیمی اداروں کی بنیادی سہولیات میں بہتری، بجلی کی دستیابی میں آسانی اور طلباء و طالبات کے لیے زیادہ سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی متوقع ہے۔

Balochistan Special Development Initiative (BSDI) launches digital library, water supply and education development projects across Naseerabad, Sohbatpur and Hub.

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑