Facebook YouTube TikTok WhatsApp
کوئٹہ

بی ایف اے کی بڑی کارروائی، 300 کلو مضرِ صحت چکن گوشت ضبط، آلودہ سبزیاں بھی تلف

✍️ Nazrban Balochistan 📅 22 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کچلاک بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے 300 کلوگرام خراب اور مضرِ صحت چکن گوشت مارکیٹ میں پہنچنے سے پہلے ہی ضبط کر کے تلف کر دیا۔

دوسری جانب کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی آلودہ سبزیاں بھی تلف کر دی گئیں، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 300 کلوگرام خراب، بدبودار اور مضرِ صحت چکن گوشت کی مارکیٹ میں سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ خفیہ اطلاع پر ڈائریکٹر آپریشنز کی ہدایت کے تحت کچلاک بائی پاس پر کچلاک پولیس کے تعاون سے کارروائی کی گئی، جہاں مسافر بس نمبر BSC-217 سے مضرِ صحت چکن گوشت برآمد کیا گیا۔ ضبط شدہ گوشت کو موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق خصوصی آپریشن رات گئے تک جاری رہا اور بروقت کارروائی کے باعث غیر معیاری چکن گوشت مارکیٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا، جس سے عوام کو مضرِ صحت خوراک کی فراہمی کا خطرہ ٹل گیا۔

دریں اثنا، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سریاب، کلی جیو، کشمیر آباد، ہزارہ ٹاؤن، قمبرانی روڈ اور شاہ جی چوک میں سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی ہری پیاز، دھنیا، پودینہ اور جامنی مولی کی فصلیں بھی تلف کر دیں۔ کارروائی کے دوران آلودہ سبزیوں کو ضبط کرنے کے ساتھ سیوریج کے پانی سے آبپاشی کے راستے بھی بند کر دیے گئے۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوامی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص گوشت، مضرِ صحت سبزیوں اور دیگر غیر محفوظ خوراک کی پیداوار، ترسیل اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں