بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورالائی کے طالب علم رصد خان نے ایف ایس سی (سالِ دوم) کے امتحانات میں صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
کوئٹہ: بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورالائی کے ہونہار طالب علم رصد خان نے ایف ایس سی (سالِ دوم) کے سالانہ امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
رصد خان اس سے قبل میٹرک کے سالانہ امتحانات میں بھی صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی مسلسل نمایاں تعلیمی کامیابی کو اساتذہ، والدین اور طلبہ نے سراہتے ہوئے اسے محنت، لگن اور مستقل مزاجی کا ثمر قرار دیا ہے۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق رصد خان کی یہ کامیابی بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے، جبکہ ان کی مسلسل نمایاں کارکردگی دیگر طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔



