کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے اسپنی روڈ پر مختلف اشیائے خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے ناقص صفائی، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی اور غیر معیاری خوراک کی تیاری پر متعدد کاروباری مراکز کے مالکان کو جرمانے عائد کردیے۔
اسپنی روڈ پر مختلف فوڈ مراکز کی انسپیکشن
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے اسپنی روڈ پر کارروائی کے دوران ایک آئسکریم مینوفیکچرنگ یونٹ، دو پیزا شاپس، ایک بیکنگ یونٹ سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا۔
حکام کے مطابق متعدد مراکز کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہیں تھا، جس پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
صفائی کے ناقص انتظامات پر ایکشن
آئسکریم مینوفیکچرنگ یونٹ، پیزا شاپس اور بیکنگ یونٹ میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کی جانب سے ماسک، ہیڈ کور اور دستانے استعمال نہ کرنے، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، نکاسی آب کے نامناسب انتظامات اور مکھیوں کی بھرمار سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
معائنہ کے دوران بیکری مصنوعات پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری کی تاریخیں درج نہ کرنے پر بھی کارروائی کی گئی۔
مضر صحت اشیاء اور ایکسپائرڈ مصنوعات ضبط
فوڈ اتھارٹی کے مطابق تازہ کٹے ہوئے آم کو غیر غذائی معیار کے مواد میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا، جبکہ مرغی کے گوشت کو ڈھانپنے کے لیے کیمیکل پلاسٹک تھیلوں کا استعمال بھی پایا گیا۔
اشیائے خورونوش کی تیاری میں مضر صحت کھلے کوکنگ آئل کے استعمال اور ایکسپائرڈ کیکس، بسکٹس، مٹھائیاں، سینڈوچ، بریڈ، کریم رول اور شاورما بریڈ کی موجودگی پر بھی کارروائی کی گئی۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار اور صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے خلاف انسپیکشن اور قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



