Facebook YouTube TikTok WhatsApp
پاکستان

وزیراعظم کا علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے پر زور

✍️ Nazrban Balochistan 📅 06 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ پر اجلاس، گھریلو صارفین کو مقامی گیس کی فراہمی میں ترجیح دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملک میں گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے موسم سرما کے دوران گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، ہارون اختر اور بلال اظہر نے شرکت کی۔

گیس کی فراہمی کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

اجلاس میں موسم سرما کے دوران گیس کی طلب، دستیابی اور فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جامع لائحہ عمل مرتب کرنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

گھریلو صارفین کو ترجیح

اجلاس کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کو مقامی گیس کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق بجلی گھروں اور صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ شمالی علاقوں میں گیس ذخائر سے بلاتعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

بجلی سے چلنے والے ہیٹنگ آلات کے لیے فنانسنگ کی تجویز

اجلاس میں پانی اور خلائی ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔

اس مقصد کے لیے بجلی سے چلنے والے ہیٹنگ آلات کی خریداری پر بینک فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

وزیراعظم نے موسم سرما میں عوام کو گیس کی فراہمی میں ممکنہ مشکلات سے بچانے اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور بروقت اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔

Prime Minister Shehbaz Sharif directs authorities to ensure uninterrupted gas imports and effective winter gas load management amid the regional situation.

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑