وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے قائداعظم لائبریری کو تین ماہ میں مثالی لائبریری بنانے، ڈیجیٹل لیب، نئی کتابوں، کولنگ اور سولر سسٹم کی فراہمی کا اعلان کر دیا۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائداعظم لائبریری کے طلبہ کی درخواست پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں چیف منسٹر سیکرٹریٹ مدعو کیا، جہاں طلبہ سے ملاقات کے دوران لائبریری کو درپیش مسائل اور سہولیات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ نے قائداعظم لائبریری کو آئندہ تین ماہ کے اندر پاکستان کی مثالی لائبریری بنانے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیجیٹل لیب کے قیام، نئے ایڈیشن کی کتابوں کی فراہمی، جدید کولنگ سسٹم اور سولر سسٹم کی تنصیب کی ہدایات جاری کیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی آواز ہر سطح پر سنے گی اور ریاست و نوجوانوں کے درمیان موجود فاصلے ختم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کی استعدادِ کار میں سرمایہ کاری حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی لائبریریوں اور تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع منصوبے پر عمل کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی اور تحقیقی سہولیات میسر آ سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر قائداعظم لائبریری کے طلبہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان اقدامات کو تعلیم دوست قرار دیا۔



