Facebook YouTube TikTok WhatsApp
بلوچستان

وزیراعلیٰ کی شہید جج عبدالحکیم کاکڑ کے اہل خانہ سے تعزیت، بچوں کی کفالت اور تعلیم کا اعلان

✍️ Nazrban Balochistan 📅 25 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے بچوں کی کفالت اور تعلیم کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان کی جانب سے برداشت کرنے کا اعلان کیا۔

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کے روز شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات کی، مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالحکیم کاکڑ نے قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، انہیں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ شہید عبدالحکیم کاکڑ کے بچوں کی کفالت اور تعلیم کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی تاکہ ان کی تعلیم اور مستقبل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کے امن، ترقی اور ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن دشمن عناصر کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے مقامی اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے زخمی جج کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں