پی ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
کوئٹہ: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے این ڈی ایم اے کی پیش گوئی کی روشنی میں صوبے کے مختلف اضلاع میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو، خضدار اور لسبیلہ میں وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ شمالی اور مشرقی اضلاع کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور گرج چمک کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہونے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ تیز ہوائیں کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جس سے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مزید برآں، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فوری طور پر فعال رکھا جائے اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
عوام، خصوصاً نشیبی، پہاڑی اور برساتی ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 1129 پر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔



