حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام تربیتی سیشنز میں طلبہ کو بنیادی شہری حقوق، آئینی ذمہ داریوں اور معاشرے میں مثبت کردار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ کے مختلف اسکولوں اور کالجوں میں شہری تعلیم (سِوک ایجوکیشن) کے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
سیشنز کے دوران حکومتی نامزد ٹرینرز نے طلبہ کو پاکستانی شہری کے بنیادی حقوق، آئینی ذمہ داریوں، قانون کی پاسداری، مؤثر قیادت اور معاشرے میں مثبت کردار سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ ٹرینرز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ملکی ترقی اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
شرکاء نے تربیتی سیشنز کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے انہیں ایک ذمہ دار، باکردار اور باشعور شہری بننے میں رہنمائی ملی۔
حکومت بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں میں شعور، مثبت سوچ اور فعال شہری کردار کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔



