طوغی روڈ، موتی رام روڈ، قندہاری بازار اور سرکلر روڈ پر آپریشن، غیر قانونی تجاوزات اور عوامی راستوں میں رکاوٹ بننے والا سامان تحویل میں لے لیا گیا
تجاوزات کے خلاف آپریشن
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میجر (ر) بشیر احمد کی ہدایات پر اینٹی انکروچمنٹ زون ون کے انچارج علی رضا درانی کی نگرانی میں طوغی روڈ، موتی رام روڈ، قندہاری بازار، سرکلر روڈ اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کی گئی۔
تجاوزات اور سامان ہٹا دیا گیا
انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا گیا جبکہ عوامی راستوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والا سامان تحویل میں لے لیا گیا۔
کارروائی کے دوران متعدد مقامات کو واگزار کرالیا گیا اور متعلقہ افراد کو آئندہ سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات قائم نہ کرنے کی سختی سے تنبیہ کی گئی۔
عوامی گزرگاہوں کی بحالی اولین ترجیح
میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے مطابق تجاوزات کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
The anti-encroachment drive aims to improve traffic flow and public access across Quetta.
شہریوں اور تاجر برادری سے تعاون کی اپیل
میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ فٹ پاتھوں، سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں پر سامان رکھ کر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے انسدادِ تجاوزات کارروائیوں میں تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔



