گزشتہ مالی سال کارگو ہینڈلنگ 55.8 ملین ٹن تک پہنچ گئی، 2 ہزار 115 بحری جہازوں کی آمدورفت ریکارڈ
اسلام آباد: کراچی پورٹ کی تاریخی کارکردگی نے پاکستان کی بحری تجارت میں بندرگاہ کی اہمیت مزید اجاگر کردی ہے، جبکہ خلیجی تنازع کے دوران عالمی شپنگ روٹس متاثر ہونے سے ٹرانس شپمنٹ کے نئے تجارتی مواقع بھی سامنے آئے ہیں۔
کارگو اور کنٹینر ہینڈلنگ میں ریکارڈ اضافہ
وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت کراچی پورٹ گزشتہ 138 سال سے پاکستان کی بحری تجارت میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ گزشتہ مالی سال بندرگاہ نے اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ کارگو اور کنٹینرز ہینڈل کیے۔
کراچی پورٹ کی کارگو ہینڈلنگ 53 ملین ٹن سے بڑھ کر 55.8 ملین ٹن کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جبکہ اسی عرصے میں بندرگاہ پر 2 ہزار 115 بحری جہازوں کی آمدورفت بھی ریکارڈ کی گئی۔
خلیجی تنازع، ٹرانس شپمنٹ کے نئے مواقع
عالمی سطح پر شپنگ روٹس متاثر ہونے کے باعث کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ ہوا، جس سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال نے پاکستان کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کیے۔
پاکستان کے تقریباً 60 فیصد کارگو کا انحصار کراچی پورٹ سے منسلک تجارتی نظام پر ہے، جو ملکی تجارت میں اس بندرگاہ کی بنیادی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
وسطی ایشیا تک تجارتی رسائی میں بہتری
میری ٹائم ٹاسک فورس کے اقدامات اور عالمی کسٹمز ٹرانزٹ نظام کے ذریعے وسطی ایشیا سمیت دیگر ممالک تک پاکستانی کارگو کی ترسیل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔
بہتر بندرگاہی کارکردگی، ٹرانس شپمنٹ میں اضافے اور علاقائی رابطوں میں بہتری سے پاکستان خطے میں ایک اہم تجارتی اور لاجسٹکس مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے۔
Karachi Port Records 55.8 Million Tonnes of Cargo, Strengthening Pakistan’s Maritime Trade and Regional Connectivity



