قیادت، روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل خواندگی اور شہری شمولیت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق
اسلام آباد وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اور یو این ویمن پاکستان کے درمیان نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے، ان میں قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے اور معاشرتی و معاشی زندگی میں ان کی مؤثر شمولیت کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
نوجوان خواتین کے لیے بہتر مواقع کی فراہمی
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت اجلاس کے دوران ہونے والے معاہدے کا مقصد نوجوان خواتین کو قیادت، روزگار، کاروبار اور عوامی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
مفاہمت کے تحت دونوں ادارے نوجوان خواتین کی قیادت اور بااختیاری سمیت صنفی مساوات کے فروغ کے لیے تجربات اور معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
رہنمائی اور پیشہ ورانہ مواقع
شراکت داری کے تحت نوجوان خواتین کے لیے مینٹورشپ، نیٹ ورکنگ، قیادت کی تربیت اور پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ نوجوانوں، خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کی محفوظ، ذمہ دار اور جامع ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل خواندگی، ذمہ دارانہ آن لائن رویوں اور ڈیجیٹل شہریت سے متعلق اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔
نوجوانوں کی ترقی اور شہری شمولیت پر توجہ
معاہدے کے تحت نوجوانوں کی ترقی، قیادت، روزگار، کاروبار اور شہری شمولیت سے متعلق ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جن میں صنفی مساوات کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔
اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک، یو این ویمن پاکستان کے کنٹری نمائندہ جمشید کازی، ڈپٹی کنٹری نمائندہ فہمیدہ اقبال خان سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔
PM Youth Programme and UN Women Pakistan Sign MoU to Empower Young Women Through Leadership and Economic Opportunities



