نیویارک ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں تقریب، بدھ مت دور اور وادی سندھ سے منسوب قیمتی آثار پاکستان کے حوالے
نیویارک: پاکستان سے چوری کرکے امریکا اسمگل کیے گئے 36 قدیم نوادرات حکومت پاکستان کے حوالے کردیئے گئے ہیں، جنہیں اب پاکستان واپس لایا جائے گا۔
36 نوادرات پاکستان کے حوالے
نیویارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران نوادرات کی وطن واپسی کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کے قونصل جنرل نیویارک امیر احمد عطوزئی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
واپس کیے جانے والے نوادرات میں چوتھی صدی عیسوی کا گرے شِسٹ سے بنا یاکشی کا مجسمہ جبکہ 2700 سے 3000 قبل مسیح کے 35 ٹیراکوٹا فرٹیلیٹی مجسمے شامل ہیں۔
ثقافتی ورثے کے تحفظ پر زور
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل امیر احمد عطوزئی نے نوادرات کی بازیابی اور وطن واپسی میں نیویارک ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کے اینٹی کوئٹی ٹریفکنگ یونٹ کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ پوری انسانیت کی مشترکہ میراث ہے اور نوادرات کی قانونی بازیابی و واپسی سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی آئندہ نسلوں کو انسانی تہذیب کی ان اہم تاریخی نشانیوں کے مطالعے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
36 Antiquities Smuggled from Pakistan Returned by the United States



