کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کا دورہ کرکے مختلف وارڈز، آئی سی یوز، آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکز کے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یوز اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے کمشنر کو ٹراما سینٹر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ اور صوبے کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، ایچ آر اور دیگر ضروری عملہ مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے موجود رہتا ہے۔
ٹراما سینٹر میں 150 بیڈز اور چار آئی سی یوز
ڈاکٹر ارباب کامران نے بتایا کہ ٹراما سینٹر تقریباً 150 بیڈز پر مشتمل ہے، جبکہ خواتین مریضوں کے لیے الگ وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ مرکز میں چار آئی سی یوز، متعدد وارڈز اور جدید آپریشن تھیٹرز موجود ہیں۔ ایکسرے، سی ٹی اسکین اور لیبارٹری سمیت مختلف تشخیصی سہولیات بھی 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ٹراما سینٹر میں پیپر لیس ورکنگ سسٹم رائج ہے، جس کے ذریعے مریضوں کے ریکارڈ اور طبی امور کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی کارڈ بھی جاری کیا گیا ہے، جس کی مدد سے وہ آئندہ اپنی طبی سہولیات اور ریکارڈ سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
Trauma Centre Quetta provides round-the-clock emergency care with modern medical facilities for patients.
صفائی، نظم و ضبط اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی ہدایت
انتظامیہ کے مطابق مریض کے ساتھ ایک وقت میں صرف ایک تیماردار کو اجازت دی جاتی ہے، جس سے ہسپتال میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور مریضوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔کمشنر ذیشان لاشاری نے کہا کہ ٹراما سینٹر کوئٹہ صوبے کے اہم طبی مراکز میں شامل ہے، جہاں شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور ٹراما کی صورت میں بروقت علاج انسانی جان بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے موجود طبی
سہولیات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ضروری ہے۔
کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، مریضوں اور ان کے لواحقین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط اور سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے جدید طبی آلات اور سہولیات کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو ان سے حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔



