اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور معائنہ، بی ایس ڈی آئی فیز تھری کی اسکیموں کی ترجیحات کا بھی جائزہ
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت ضلع چمن میں شہری سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت عیدگاہ، جنازہ گاہ اور قاضی عبدالسلام لائبریری کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا گیا، جبکہ فیز تھری کے ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کے تعین کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔
عیدگاہ اور جنازہ گاہ کی بحالی، شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی
اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے چمن کے دورے کے دوران عیدگاہ گراؤنڈ میں بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت عیدگاہ اور جنازہ گاہ کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
منصوبے کے تحت عیدگاہ اور جنازہ گاہ کی مرمت، بحالی اور ضروری سہولیات میں بہتری لائی جائے گی، جس سے شہریوں کو مذہبی اجتماعات اور نمازِ عید سمیت دیگر مواقع پر بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اسپیکر نے کام کے معیار کو یقینی بنانے اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت کی۔
قاضی عبدالسلام لائبریری کی بحالی، 48 لاکھ 50 ہزار روپے لاگت
بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت قاضی عبدالسلام لائبریری چمن کی بحالی و مرمت کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا گیا، جس کا افتتاح اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کیا۔
4.85 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبے کے تحت لائبریری کی مرمت اور ضروری سہولیات میں بہتری لائی گئی ہے، جس سے طلبہ، نوجوانوں اور کتابوں سے وابستہ افراد کو بہتر مطالعاتی ماحول میسر آئے گا۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے معیار اور بروقت تکمیل پر زور دیا۔
بی ایس ڈی آئی فیز تھری، ترقیاتی اسکیموں کی ترجیحات کا جائزہ
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر آفس چمن میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمانڈر چمن اسکاؤٹس، ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مختلف سرکاری محکموں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت تجویز کردہ ترقیاتی اسکیموں کی ترجیحات، عوامی ضروریات اور ضلع کی مجموعی ترقی کے تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر چمن نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری و دیہی علاقوں کی ضروریات پوری کرنا اور ضلع میں متوازن ترقی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تیاری اور تکمیل میں شفافیت، معیار، ضرورت اور عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے اور تمام ضروری امور بروقت مکمل کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، اعلیٰ سول انتظامیہ، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما حاجی عطاء اللہ اچکزئی اور ڈپٹی میئر مطیع اللہ اچکزئی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
BSDI improves public facilities in Chaman with restored Eidgah, Janazgah and Qazi Abdul Salam Library.



