جرگے میں علاقے کی امن و امان کی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام پر غور کیا گیا۔
گنداواہ میں گرینڈ جرگے کا انعقاد
ضلعی انتظامیہ جھل مگسی اور پولیس کے زیر اہتمام نولنگھ ہال گنداواہ میں امن و امان کے حوالے سے گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی سندھ نوابزادہ میر نادر خان مگسی، صوبائی وزیر نوابزادہ میر زرین خان مگسی، نوابزادہ میر جعفر خان مگسی اور نوابزادہ میر عزیر خان مگسی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔جرگے میں ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان، ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی، قبائلی رہنما میر فرحان سہراب خان مگسی سمیت گنداواہ شہر کے معززین، معتبرین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
امن و امان اور عوام کے تحفظ پر تبادلہ خیال
شرکاء نے ضلع جھل مگسی، بالخصوص گنداواہ میں امن و امان کی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام سے متعلق امور پر غور کیا۔ شرکاء نے امن برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ، پولیس، پاک فوج اور قبائلی عمائدین کے باہمی تعاون کو ضروری قرار دیا۔نوابزادہ میر نادر خان مگسی نے کہا کہ جھل مگسی اور گنداواہ دونوں ہمارے گھر ہیں اور علاقے کے امن و تحفظ کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور امن کے قیام کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رہیں گی۔
Community cooperation remains essential for maintaining peace and security across local communities.
گنداواہ کے عوام کا اداروں سے تعاون کا عزم
جرگے سے سید سلطان شاہ بخاری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گنداواہ کے عوام امن پسند ہیں اور علاقے میں امن و استحکام کے لیے انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار ہیں۔جرگے کے شرکاء نے علاقے میں امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔



