تینوں پاکستانی خاندانوں کو فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے، بچوں کیلئے مفت تعلیم، صحت اور رہائش کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تین پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کیلئے مالی معاونت اور دیگر سہولیات کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق پاکستانی شہری کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان سے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے جاں بحق تینوں پاکستانیوں کے بچوں کیلئے مفت تعلیم، صحت کی سہولیات اور رہائش گاہ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے تینوں جاں بحق پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کیلئے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت دینے کا بھی اعلان کیا۔
شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کاشف عمر اور دیگر دو جاں بحق پاکستانیوں کے خاندانوں سے براہِ راست رابطے میں رہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
PM Shehbaz Sharif announces Rs 12.5 million financial assistance, free education, healthcare and housing for families of three Pakistanis killed in Somalia.



