مقامی طور پر تیار کردہ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ، جدید ایویونکس اور نیوی گیشن سسٹم سے لیس
راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل (GLCM) کے توسیع شدہ رینج ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
جدید ایویونکس اور نیوی گیشن سسٹم سے لیس
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 4 کے توسیع شدہ رینج ورژن میں جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل معاون نظام نصب کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیا ویپن سسٹم توسیع شدہ فاصلے پر اہداف کو اعلیٰ درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں میں شامل اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی، جن کا مقصد درستگی میں بہتری اور نظام کی بقا کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
فوجی افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے تجربہ دیکھا
فتح 4 کے توسیع شدہ ورژن کا تجربہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی مشاہدہ کیا۔
صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی کامیاب تجربے پر مبارکباد
صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح 4 کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے پر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔
عسکری قیادت نے اس اہم کامیابی میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر ماہرین کی تکنیکی صلاحیت، محنت اور عزم کو بھی سراہا۔
Pakistan successfully test-fires extended-range Fatah-4 Ground-Launched Cruise Missile equipped with advanced avionics and navigation systems.



