اوستا محمد میں سیف سٹی پروجیکٹ مکمل، دُکی میں سڑک اور تعلیمی منصوبوں کا معائنہ، آواران کے اسکول میں نئے کلاس رومز سمیت بنیادی سہولیات فراہم
اوستا محمد میں سیف سٹی پروجیکٹ فعال
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں عوامی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ اوستا محمد میں سیف سٹی پروجیکٹ مکمل کرکے فعال کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات کی جدید کیمروں اور مربوط سیکیورٹی سسٹم کے ذریعے نگرانی کی جاسکے گی۔ڈپٹی کمشنر اوستا محمد محمد رمضان پلال نے انجینئر اسد خان سے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ لی اور نصب کیے گئے کیمروں سمیت مکمل سیکیورٹی سسٹم کا معائنہ کیا۔ منصوبے سے مشتبہ سرگرمیوں کی نگرانی، جرائم کی روک تھام اور ناخوشگوار واقعات کی صورت میں ملزمان کی شناخت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مدد ملے گی۔
Modern development projects are improving security and public facilities across Balochistan.
دُکی میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
ضلع دُکی میں ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے کمانڈر 87 ونگ کرنل شاہد بلال اور اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم حریفال کے ہمراہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران وانگی رباط روڈ، ختمِ نبوت چوک، گورنمنٹ مڈل سکول کلی کریم خان اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کلی دُکی میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا۔حکام نے منصوبوں پر کام کی رفتار، تعمیراتی معیار اور دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی معیار برقرار رکھنے اور کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
آواران میں اسکول کی سہولیات میں اضافہ
آواران کے کیمپ جھاؤ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں بی ایس ڈی آئی فیز ون کے تحت نئے کلاس رومز کی تعمیر، پرنسپل اور اسٹاف کے رہائشی کوارٹرز کی مرمت، واش رومز اور واٹر ٹینک کی سہولت مکمل کرلی گئی ہے۔بی ایس ڈی آئی انجینئر فیاض بلوچ نے اسکول کا دورہ کرکے مکمل کیے گئے منصوبوں اور فراہم کردہ سہولیات کا معائنہ کیا۔ نئے کلاس رومز اور بنیادی سہولیات سے طلبہ کے لیے تعلیمی ماحول بہتر ہوگا، جبکہ رہائشی کوارٹرز کی مرمت سے اسکول اسٹاف کو بھی سہولت میسر آئے گی۔



