اوستہ محمد میں سرکاری اسکول کی سہولیات بہتر، صحبت پور کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 100 کے وی ٹرانسفارمر نصب، جھل مگسی میں گنداواہ واٹر سپلائی اسکیم پر کام تیزی سے جاری
اوستہ محمد: گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نورپور جمالی میں تعلیمی ماحول بہتر بنانے کے اقدامات
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے میں تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی اقدامات جاری ہیں۔ ضلع اوستہ محمد کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نورپور جمالی میں کلاس رومز کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ تدریسی ضروریات کے لیے کلسٹر کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔
اسکول میں بجلی، پنکھوں، معیاری ڈیسک اور ٹھنڈے پانی کے کولرز سمیت بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیڈ ماسٹر ساجد علی رند کی تعیناتی کے بعد تدریسی سرگرمیوں کو باقاعدہ بنانے اور تعلیمی معیار بہتر کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ہیڈ ماسٹر روزانہ کلاس رومز کا دورہ کرکے طلبہ کی حاضری اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں، جبکہ تمام کلاسز کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اسکول کے سرسبز ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے شجرکاری بھی جاری ہے، جس میں ہیڈ ماسٹر خود حصہ لے رہے ہیں۔
ساٹ: ہیڈ ماسٹر ساجد علی رند نے اسکول کی بہتری کے لیے تعاون پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد اور دیگر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔
صحبت پور: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 100 کے وی ٹرانسفارمر نصب
صحت کی سہولیات بہتر بنانے اور سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کے سلسلے میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ضلع صحبت پور کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں 100 کے وی کا بجلی ٹرانسفارمر نصب کر دیا گیا ہے۔
نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے ہسپتال میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے اور طبی خدمات کی انجام دہی میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ایف سی کرنل شعیب حسن اور ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کی کاوشوں سے ہسپتال کے عملے اور مریضوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا۔
عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی بہتر فراہمی سے مریضوں کو سہولیات دینے اور طبی عملے کے لیے کام کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
جھل مگسی: گنداواہ واٹر سپلائی اسکیم پر ترقیاتی کام جاری
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ضلع جھل مگسی میں صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے گنداواہ واٹر سپلائی اسکیم پر کام جاری ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے ایکسین محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکیل احمد انصاری اور انجینئر عبدالخالق آرائیں کے ہمراہ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت اوور ہیڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ ٹینک کی مطلوبہ اونچائی اور اطراف کی دیواروں میں سریے کی تنصیب سمیت دیواروں کی بھرائی کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ چھت کی تعمیر جاری ہے، جسے آئندہ ایک سے دو روز میں مکمل کرنے کی توقع ہے۔
Balochistan’s BSDI Improves School Facilities in Usta Muhammad, Installs a 100 kV Transformer at Sohbatpur DHQ Hospital, and Advances the Gandawah Water Supply Project in Jhal Magsi.
منصوبے میں پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت، پاور ہاؤس، حفاظتی چار دیواری اور پانی کی ترسیل کے لیے پائپ لائنوں کے نیٹ ورک سمیت دیگر اہم کام بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔
عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے بی ایس ڈی آئی کے اقدامات
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت مختلف اضلاع میں جاری منصوبوں کا مقصد تعلیمی اداروں میں سازگار ماحول کی فراہمی، سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ ان اقدامات سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مقامی سطح پر ترقیاتی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔



