Facebook YouTube TikTok WhatsApp
بلوچستان

بلوچستان کے طالب علم بصیر احمد کی عالمی سائنسی مقابلے میں نمایاں کامیابی

✍️ Nazrban Balochistan 📅 22 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

بولان میڈیکل کالج کوئٹہ نے بین الاقوامی سائنسی فورم میں پاکستان کی نمائندگی اور سلور میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ بننے پر طالب علم بصیر احمد کیلئے حکومت بلوچستان سے صوبائی اعزاز دینے کی سفارش کی ہے۔ بصیر احمد نے قومی سطح پر تحریری امتحان اور انٹرویو کے بعد پہلی پوزیشن حاصل کرکے ایشین سائنس کیمپ 2026 کیلئے انتخاب حاصل کیا۔

قومی سطح پر پہلی پوزیشن، پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز

پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ انتخابی دستاویز کے مطابق بصیر احمد ان پانچ طلبہ میں شامل تھے جنہیں ایشین سائنس کیمپ 2026 میں شرکت کیلئے منتخب کیا گیا۔ بولان میڈیکل کالج کے پرنسپل کی جانب سے محکمہ صحت حکومت بلوچستان کو لکھے گئے خط کے مطابق بصیر احمد نے قومی سطح پر انتخابی عمل میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور پاکستانی وفد میں بلوچستان کے واحد نمائندے تھے۔ایشین سائنس کیمپ 2 سے 8 اگست 2026 تک ہانگ کانگ یونیورسٹی میں منعقد ہوا، جس میں 51 سے زائد ممالک کے نمایاں طلبہ اور نوبیل انعام یافتہ سائنس دانوں نے شرکت کی۔ اس عالمی سائنسی فورم میں نوجوان محققین کو اپنے تحقیقی منصوبے پیش کرنے کا موقع ملا۔

نیورو آر ایکس منصوبے پر پاکستانی ٹیم کا سلور میڈل

سائنسی کیمپ کے دوران بصیر احمد نے ریسرچ اینڈ سائنس پوسٹر مقابلے میں پاکستانی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے شرکت کی اور ’’نیورو آر ایکس‘‘ (NeuroRx) کے تحقیقی منصوبے کی پیشکش میں حصہ لیا۔ یہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو ورزش کے ذریعے صحت کی بہتری اور علاج میں معاونت کیلئے تیار کیا گیا ہے۔اس مقابلے میں پاکستانی ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔ بولان میڈیکل کالج کے خط کے مطابق یہ کامیابی کالج، بلوچستان اور پاکستان کیلئے اعزاز ہے، جبکہ اس سے صوبے کے نوجوانوں کی سائنسی تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں صلاحیتیں بھی نمایاں ہوئی ہیں۔

حکومت بلوچستان سے صوبائی اعزاز دینے کی درخواست

بولان میڈیکل کالج کے پرنسپل نے 8 ستمبر 2026 کو محکمہ صحت حکومت بلوچستان کو ارسال کردہ خط میں بصیر احمد کی بین الاقوامی سائنسی کامیابی کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی سفارش کی ہے۔ خط میں درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت انہیں صوبائی ایوارڈ، میڈل یا سرٹیفکیٹ آف ایکسیلنس دینے کے ساتھ نقد انعام یا کسی اور مناسب طریقے سے بھی سراہنے پر غور کیا جائے۔کالج نے یہ معاملہ وزیر صحت بلوچستان کے سامنے پیش کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایسے باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی سے بلوچستان کے دیگر نوجوانوں کو بھی تحقیق، سائنسی جدت اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع حاصل کرنے کی ترغیب ملے گی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑