صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہب، اقدار اور عوام کے درمیان مضبوط روابط پر قائم ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات
اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کے نام اپنے خط میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور بھائی چارے کو اجاگر کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ ترکیہ نے گزشتہ ایک صدی کے دوران نمایاں ترقی کی، اپنے اداروں کو مضبوط بنایا، معاشی ترقی کے میدان میں پیش رفت کی اور علاقائی و عالمی امور میں اپنا کردار بڑھایا۔
مشکل وقت میں ترکیہ کی حمایت کو سراہا
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں ترک قیادت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی یکجہتی اور حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی شراکت داری سیاسی روابط میں اضافے اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم ہوگی۔
Pakistan and Turkiye aim to expand cooperation in trade, investment, defence, education and regional security.
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہمیت
صدر آصف علی زرداری نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ اور سہ فریقی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے تینوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون میں اضافہ ہوگا اور خطے سمیت دنیا بھر میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی۔



