وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری دیتے ہوئے تعمیراتی معیار، بین الاقوامی معیارات اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مسافروں کی سہولت اولین ترجیح قرار
اسلام آباد میں ایئرپورٹس کی توسیع اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں ایک بین الاقوامی ادارے کے حالیہ سروے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا، جس میں بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کو دستیاب سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا گیا تھا۔
ایئرپورٹس پر خدمات اور سہولیات بہتر بنانے کا فیصلہ
شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر خدمات بہتر بنانے کے لیے عالمی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کرنے اور مسافروں کی رہنمائی پر مامور افسران و عملے کی باقاعدہ تربیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایئرپورٹس پر کام کرنے والے مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطے پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے اور مشروبات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مستند کیٹرنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Better airport facilities and efficient passenger services can improve the overall travel experience.
کراچی ایئرپورٹ کا رن وے توسیعی منصوبہ مکمل
اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہوچکی ہے، جبکہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کے ماسٹر پلانز، مجوزہ توسیعی منصوبوں اور تعمیراتی شیڈول پر بھی بریفنگ دی گئی۔حکام کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ ایک سال کے دوران 14 ایئرپورٹس کو فعال کیا تاکہ اندرونِ ملک پروازوں کی بحالی میں سہولت فراہم کی جاسکے۔
ای گیٹس اور ایئر کارگو منصوبوں پر کام جاری
اجلاس کو بتایا گیا کہ بڑے ایئرپورٹس پر خودکار بارڈر مینجمنٹ سسٹم، یعنی ای گیٹس، کی تنصیب تیزی سے جاری ہے۔ کراچی کو فضائی کارگو کا مرکز بنانے کے لیے ایئر کارگو ولیج کے قیام پر بھی کام ہورہا ہے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی رہنمائی کے لیے میٹ اینڈ گریٹ سروس متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مسافروں کو بروقت رہنمائی فراہم کرنے کے لیے بڑے ایئرپورٹس پر پری ڈیپارچر ڈیسک قائم کیے ہیں۔ ایف آئی اے نے مسافروں کی سہولت اور خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے عملے اور کاؤنٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے۔
حیدرآباد میں ایوی ایشن یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حیدرآباد میں قائم ایک ایوی ایشن ادارے کو بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی میں اپ گریڈ کیا جارہا ہے، جس پر کام فروری 2028 تک شروع ہونے کی توقع ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ اور عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور اور علی زاہد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



