پولیس میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں ہوگی، میرٹ اور پیشہ ورانہ آزادی یقینی بنائیں گے، نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں تقریب سے خطاب
اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری ریاست، سول سوسائٹی، پولیس، بیوروکریسی، سیاستدانوں اور عدلیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بلوچستان پولیس اس جنگ میں صف اول میں کردار ادا کرے گی، جبکہ صوبائی حکومت پولیس کو جدید آلات، معیاری تربیت اور سیاسی مداخلت سے پاک پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پولیس میں میرٹ اور پیشہ ورانہ آزادی کو یقینی بنایا جائے گا
نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں بلوچستان پولیس کے نئے تعینات ہونے والے ڈی ایس پیز کی تربیت مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں میں میرٹ کو بنیادی اصول بنایا گیا ہے اور کسی قسم کی سیاسی مداخلت یا دباؤ کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس عوام کی خادم ہے، حاکم نہیں
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس افسران ریاست اور عوام کے خادم ہیں، انہیں دیانت داری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے چاہئیں۔ بلوچستان کو مکمل طور پر اے ایریا قرار دیے جانے کے بعد پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور اب امن و امان کے قیام کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگا۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا اہم کردار
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاک فوج یا کسی ایک فورس کی لڑائی نہیں بلکہ پوری ریاست کی جنگ ہے۔ بلوچستان پولیس دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال کر تشدد ترک کرنے والوں کے لیے دروازے کھلے ہیں، تاہم بندوق کے زور پر نظریات مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کی قیادت میں پولیس فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت پولیس کو جدید سہولیات اور ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ آئی جی پی سعد بھروانہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے ڈی ایس پیز میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پروبیشنر مس قرۃ العین کو اعزازی تلوار (سورڈ آف آنر) سے نوازا گیا۔ تقریب میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور دیگر اعلیٰ پولیس و سرکاری افسران بھی شریک تھے
۔CM Balochistan Sarfraz Bugti Vows Merit-Based Police Reforms, Says Police Will Lead Frontline Fight Against Terrorism



