ٹینکر ایسوسی ایشن نے مختلف محکموں اور ٹریفک پولیس کے اقدامات کے خلاف ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس پی ٹریفک صدر عاصم شاہ نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
کوئٹہ: ٹینکر ایسوسی ایشن نے مختلف سرکاری محکموں اور ٹریفک پولیس کے اقدامات کے خلاف اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں متعدد انتظامی مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس پی ٹریفک صدر عاصم شاہ نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی کارروائیوں کا مقصد صرف شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینکر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا ہے کہ کم عمر ڈرائیوروں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دی جائے، تمام ڈرائیور لائسنس یافتہ ہوں اور اسکول کے اوقات، یعنی صبح 8 سے 10 بجے اور دوپہر 12 سے 3 بجے تک ہیوی ٹریفک شہر میں داخل نہ ہو تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
عاصم شاہ نے کہا کہ گائی خان چوک پر حالیہ جان لیوا حادثے کے بعد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد مزید سخت کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران ون وے کی خلاف ورزی، ٹریفک قوانین کی پامالی اور سامان پر ترپال نہ ڈالنے پر 450 چالان کیے گئے ہیں، جبکہ یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے حکومت بلوچستان کی جانب سے زرغون روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہیوی ٹریفک کے لیے مقررہ اوقات رات 11:30 بجے سے صبح 8:00 بجے تک ہیں، جن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔



