صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں بلوچستان کے صوبائی وزراء نے ملاقات کر کے امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
صدر نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، عوامی فلاح کو یقینی بنانے اور امن و امان کے لیے مؤثر ادارہ جاتی تعاون پر زور دیا۔
کراچی: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں بلوچستان کے صوبائی وزراء نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی انتظامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھائی جائے، جبکہ امن و امان، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کام کریں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیر لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیر صنعت و تجارت سردار کوہییار ڈومکی، پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی، صوبائی مشیر غلام رسول عمرانی، سنجے کمار پنجوانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔



